بھمبرمیں لاکھوں مالیت کے نان کسٹم پیڈ سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)بھمبرمیں نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی سمگلنگ ناکام بنادی گئی،کمشنران لینڈ میرپور سیدانصرعلی ہدایت پر ایکسائز حکام نے چھاپہ مار کر نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی بڑی مقدار کو ضبط کر لیا۔

اس حوالےسے ایکسائز حکام نے بتایاکہ بوقت سحری محکمہ ان لینڈ ریوینیو ایکسائزبھمبر نے محکمہ پولیس کے تعاون سے ضلع بھمبر میں واقع معروف سگریٹ فیکٹری کی جانب سے لاکھوں مالیت کے نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش کوناکام بنا دیا۔

ترجمان محکمہ ان لینڈ ریوینیو نے تفصیلی پریس ریلیز میں بتایا کہ محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے ایکسائز موبائل سکواڈ بھمبر نے اطلاع ملنے پر پنڈی جہونجہ روڈ سے منسلکہ ایک خفیہ اور کچے راستے پر لوڈرفورڈ ویگن رجسٹریشن نمبر J-4796جس پر 70کارٹن سگریٹ کسان برانڈ لدے ہوئے تھے، کو رو کااورڈرائیور سے لوڈہوئے مال سے متعلقہ دستاویزات کی پوچھ گچھ کی۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔بھمبر میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر سخت ایکشن، ٹریفک پولیس کی وارننگ

جس پر اس نے بتایا کہ یہ مال نیشنل تمباکو فیکٹری بھمبر سے لوڈ کیا گیا ہے اورموقع پر انوائس بھی فراہم کی اس نے مزید بتایا کہ لدا ہوا مال نوشہرہ ورکاں کیلئے لوڈ کیا گیا۔

محکمہ ان لینڈ رینیو کے عملہ نے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریوینیو، بھمبرمحمد تنویر خالد کی سربراہی میں موقعے کی جانچ پڑتال کی اور پھر فیکٹری متعلقہ میں دستیاب ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔
جس پر معلوم ہو ا کہ پیش کی گئی انوائس بوگس ہے۔

مزید انکوائری پر پتہ چلا کہ نہ تو اس کے مندرجات فیکٹری ریکارڈ میں سرے سے دستیاب ہیں اور نہ ہی اس مال کی روانگی /کلیرنس کی بابت کوئی اور دستاویزی ثبوت محکمانہ عملہ کو مہیا کیا گیا۔
جس سے ثابت ہوتا ہے کہ فیکٹری متعلقہ نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس کو غیر قانونی طور پر ضلع بھمبر سے باہر ترسیل کرنے کا ارادہ رکھتی تھی،جس کو بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق تحت قواعد پکڑے گئے مال کی ضبطی عمل میں لائی گئی اور محکمہ ان لینڈ ریوینیو بھمبر کی جانب سے وقوعہ کی بابت ضبطی رپورٹ جاری کی گئی۔ پکڑے گئے سیگریٹ کارٹن کی مالیت اورا ن پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکس لاکھوں میں ہے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔بھمبر،انسداد ٹی بی ڈے کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی واک،سیمینار

کمشنر ان لینڈ ریوینیو سید انصر علی کی تحریری ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریوینیو بھمبر نے فیکٹری کے خلاف تحت ضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اس کھلی خلاف ورزی جس کے ثبوت بڑے واضح ہیں پر کمشنر ان لینڈ ریوینیو میرپور ڈویژن نے خصوصی طور پر واقعے کی بابت محکمانہ ایف آئی آر درج کرنے اور فیکٹری کی پلانٹ /مشینری کو فوری طور پرسر بمہر کرنے کے احکامات بھی جاری فرمائے اور ڈپٹی کمشنر انلینڈ ریوینیو، بھمبر کو کیس متعلقہ عدالت میں قانونی لوازمات پورے کرتے ہوئے پیش کرنے کی ہدایت دی۔

 

Scroll to Top