مظفر آبادکے نوجوان، بلدیاتی نمائندگان کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکج کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں،زاہدامین

 مظفرآباد:سابق چیئرمین وزیراعظم معائنہ وعملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ باشعور نئی نسل،مخلص سول سوسائٹی اور بلدیاتی نمائندگان منسوخ شدہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکیج کی بحالی کے لیے جاندار کردار ادا کریں۔

ایک بیان میں زاہد امین نے کہا کہ انوار سرکار کے جلال سے خائف روایتی انتخابی قائدین کی مصلحت نے کیپیٹل سٹی کی تعمیر نو کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کے دور حکومت میں کیپیٹل سٹی کی تعمیر نو اور ایم سی ڈی پی کے 32 شہری منصوبوں پر عملی کام کیا گیا تھا، تعمیر نو کے بقایا تمام منصوبوں کو 2021-22ء کے ترقیاتی میزانیہ کے تحت منظور شدہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکیج میں ڈال دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نومبر 2021ء میں مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے تین وزراء کی موجودگی میں پیکج کو منسوخ کیا گیا۔

پیکیج میں ماسٹر پلان کے مطابق ٹریفک مینجمنٹ اسٹریٹجیز،پارکنگ ایریاز،نئی بائی پاسیز،نئے آر سی سی پل اور تعمیر وکشادگی رابطہ شہری سڑکات کو ترجیح دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیکیج میں نکاسی آب نظام،نئی واٹر سپلائی اسکیم ہاء،نئے قبرستان اور پارکس گرین ایریاز کو شامل کیا گیا تھا، سبزی منڈی،سلاٹر ہاؤس،کمیونٹی سینٹرز،لاری اڈہ جات،واک ویز،فوڈ اسٹریٹ دومیل بارہ دری اور ورکرز کالونی رامپورہ بھی پیکیج کا اہم جزو تھے۔

انہوں نے کہا کہ منسوخ شدہ پیکیج اور ترقیاتی شہری منصوبوں کی بحالی کے بغیر دارالحکومت کی روز مرہ شہری زندگی کے موجودہ عذاب کو دور نہیں کیا جاسکتا ہے۔

Scroll to Top