عدالت عظمیٰ کاحکم، فوڈ سیفٹی افسران کو مارکیٹس کی سخت چیکنگ کی ہدایات جاری

مظفرآباد:ناظم خوراک و سیکرٹری فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی نے سپریم کورٹ کی دی گئی ہدایات کی روشنی میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سیکرٹری فوڈ اتھارٹی نے ہدایت نامہ میں کہا ہے کہ اگر کوئی بیکری غیر معیاری اور زائدالمعیاد کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتی ہوئی پائی جائے تو اسے فوری سربمہر کر دیا جائے۔

عدالت کے واضح حکم کے علاوہ کاروبار کرنے کی اجازت نہ دی جائے،ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنیوالوں کیخلاف بھی زیروٹالرنس کی حکمت عملی اختیار کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈاتھارٹی کا جہلم ویلی میں کریک ڈائون،غیر معیاری اشیاء ضبط ، بھاری جرمانے

ایسی بیکریاں جو اپنے نام سے ریسٹورنٹ چلا رہی ہیں ان میں غیر معیاری ملاوٹ شدہ وزائدالمعیاد کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جارہی ہیں اور ان کے سیمپلز لے کر فوری موبائل لیبارٹریز سے ٹیسٹ کروائے جائیں اور کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ہدایت نامہ کے مطابق ایسی بیکریاں جو اپنے نام سے پینے کا پانی اور دودھ فروخت کرنے کا کاروبار کر رہی ہیں ان کے پانی اور دودھ کے نمونے لے کرموبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں ٹیسٹ کروائے جا ئیں۔

دودھ کا کاروبار کرنے والی ان دکانوں کی فہرست عدالت میں جمع کروائی جائے جو باضابطہ درج شدہ ہیں اور جنہوں نے زرضمانت دے رکھے ہیں انکی فہرست بھی عدالت میں جمع کروائی جائے ۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹری بھمبر پہنچ گئی،ملاوٹ مافیا کا گھیراتنگ

غیر رجسٹرڈشد ہ د کان کو کھولنے یا کاروبار کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

فوڈ اتھارٹی حکام باقاعدگی سے مارکیٹس کا معائنہ کریں اور خوراک کے اعلیٰ محفوظ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے معائنہ جات کے عمل کو تسلسل سے جاری رکھیں۔

انہوںنے ہدایت نامہ میں کہا ہےجملہ فوڈسیفٹی آفیسران معزز عدالت العظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں بلا تخصیص اور بلا تعطل غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں اورہفتہ وار اور تعمیلی ر پورٹ با قاعدگی کے ساتھ ارسال کریں۔

Scroll to Top