ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا اختتام شاندار انداز میں کیا۔ کیوی بلے بازوں نے 129 رنز کا ہدف محض 10 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام رہی۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ حسن نواز صفر اور محمد حارث 11 رنز بنا کر جلدی آؤٹ ہوگئے۔ عمیر بن یوسف اور عثمان خان بھی صرف 7،7 رنز ہی بنا سکے۔ عبدالصمد 4، شاداب 28، جہانداد 1، اور سلمان علی آغا 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صفیان مقیم اور محمد علی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، جبکہ حارث رؤف 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے جمی نیشم نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جیکب ڈفی نے 2، جبکہ بین سیرز اور ایش سوڈھی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
جواب میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پاکستانی بولنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔ ٹم سیفرٹ نے 38 گیندوں پر شاندار 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ فن ایلن 27 اور مارک چیپ مین 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے لیے واحد کامیابی صفیان مقیم کے حصے میں آئی، جنہوں نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کر کے عمیر بن یوسف، عثمان خان، جہانداد خان، صفیان مقیم اور محمد علی کو ٹیم میں شامل کیا، تاہم نتائج تبدیل نہ ہو سکے اور پاکستان ایک اور عبرتناک شکست سے دوچار ہوگیا۔




