ایلیمنٹری بورڈ جہلم ویلی ہٹیاں بالا کے سالانہ نتائج کا اعلان،زوہیب رشید نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی

ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)چیئرمین ضلعی تعلیمی بورڈ جہلم ویلی ہٹیاں بالا، قاضی عبدالجلیل جلالی نے ضلعی تعلیمی ایلیمنٹری بورڈ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں کنٹرولر امتحانات راجہ محمد صدیق خان، مختلف اسکولوں کے سربراہان، اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔۔۔

تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو سراہا گیا، جبکہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نے کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج تعلیمی اداروں کی محنت اور طلبہ کی لگن کا ثمر ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں تعلیمی معیار مزید بہتر ہوگا۔۔۔

جماعت ہشتم کے امتحانات میں گورنمنٹ ہائی سکول نوگراں کے طالب علم زوہیب رشید نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بوائز مڈل سکول باٹ بنی کی طالبہ شانزہ حبیب اور اسی سکول کی طالبہ سمبل بی بی نے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بوائز مڈل سکول ڈبر کیلاں کی طالبہ سیدہ سیرت فاطمہ تیسری پوزیشن پر رہیں۔۔۔

جماعت پنجم کے نتائج میں گورنمنٹ مرزا نجیب علی خان ہائی سکول بٹنگی کے طالب علم جواد احمد پہلی، گرلز ہائی سکول ہٹیاں بالا کی طالبہ پریہا پرویز دوسری، اور بوائز ہائی سکول نیناں چکار کے طالب علم محمد سمیر عباسی تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔۔۔

کنٹرولر امتحانات راجہ محمد صدیق خان نے مجموعی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت ہشتم میں کل 2911 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا، جن میں سے 2806 کامیاب رہے جبکہ 96 ناکام ہوئے۔ جماعت پنجم میں 3666 طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 3314 کامیاب اور 343 ناکام رہے۔۔۔۔

مجموعی طور پر جماعت ہشتم کا نتیجہ 96.7 فیصد جبکہ جماعت پنجم کا نتیجہ 90.6 فیصد رہا۔ تعلیمی ماہرین نے ان نتائج کو تسلی بخش قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ سال مزید بہتری آئے گی۔۔۔۔

نتائج کے اعلان کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی ماہرین نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، اساتذہ کی انتھک کاوشوں اور والدین کی مسلسل رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید تدریسی طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔۔۔۔۔

طلبہ اور ان کے والدین نے تعلیمی بورڈ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفاف امتحانی نظام اور محنتی اساتذہ کی بدولت یہ شاندار نتائج ممکن ہوئے۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ نے اپنے اساتذہ اور والدین کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔۔۔۔۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کہا کہ حکومتِ آزاد کشمیر تعلیم کے شعبے میں نمایاں اصلاحات لا رہی ہے، اور اسکولوں میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی ہی قوم کی ترقی کی ضامن ہے، اور تعلیمی اداروں کو اس ضمن میں مزید محنت کرنا ہوگی۔۔۔۔

نتائج کے اعلان کے بعد مختلف اسکولوں میں طلبہ کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ والدین نے بھی بچوں کی
کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کی محنت کو سراہا۔۔۔۔۔

مظفرآباد: سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے والے 5 قصاب گرفتار

Scroll to Top