مظفرآباد انتظامیہ کی جانب سے مٹن مارکیٹ اور گیلانی چوک میں سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد غلام محی الدین گیلانی کی ہدایت پر کی گئی دو مختلف کارروائیوں میں پانچ قصابوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف PLA-7 کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے۔
گرفتار ہونے والوں میں محمد حنیف ولد ولی جان، منیب خان ولد ولی جان، قاسم خان ولد محمد جان (ساکنان افغانستان)، تنزیر ولد ظہور احمد پٹھان اور سید یاسر شاہ محمود شاہ (ساکن طارق آباد) شامل ہیں، جنہیں تھانہ سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں عارف حسین کے اعزاز میں الوداعی تقریب
اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین گیلانی نے کہا کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور انتظامیہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ شہری زائد قیمتوں کی شکایات انتظامیہ کو درج کرائیں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔