وادی لیپا میں برائیلر مرغی کے نرخ دوسرے شہروں کی بنسبت بہت مہنگے ، انتظامیہ کی خاموشی پر عوام برہم

لیپا ویلی: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں برائیلر مرغی کے نرخوں میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے جس پر عوام نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مظفرآباد، ہٹیاں بالا اور لیپا ویلی میں مرغی کی قیمتوں میں نمایاں فرق نے صارفین کو پریشان کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ کی خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخنامے کے مطابق مظفرآباد میں برائلر مرغی 505 روپے فی کلو، ہٹیاں بالا میں 520 روپے فی کلو جبکہ وادی لیپا میں 575 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

لیپا ویلی کے عوام نے اس غیر معمولی فرق پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ آیا اس قیمت میں اضافے کی کوئی معقول وجہ موجود ہے یا پھر یہ پولٹری ڈیلرز اور انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت کا نتیجہ ہے؟ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کا ایک نیا طوفان کھڑا کر دیا گیا ہے جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پرھیں: آزاد کشمیر میں 4300 سے زائد ایڈہاک ملازمین، سفارش اور تعلقات کے بغیر نوکری ممکن نہیں، غلام اللہ اعوان

بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں سب سے مہنگی مرغی وادی لیپا میں فروخت ہو رہی ہے اور ممکنہ طور پر یہ ملک بھر میں بھی سب سے زیادہ مہنگی قیمت ہو سکتی ہے۔ عوام نے ایک بار پھر ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا اور کمشنر مظفرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور قیمتوں میں اس غیر منطقی اضافے کی تحقیقات کرائیں۔

اگر نرخوں میں مصنوعی اضافہ کیا جا رہا ہے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ عوامی فریاد پر کیا ردعمل دیتی ہے یا حسب معمول خاموشی اختیار کرتی ہے؟