وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ تمام سکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی مشاورت سے ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو عارضی این او سی جاری کیا گیا ہے۔
اسٹارلنک کی عارضی رجسٹریشن پر بیان جاری بیان میں شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسٹارلنک کی رجسٹریشن یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی قیادت میں پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی جانب گامزن جاری ہے، وزیرِاعظم کی ہدایت پر انٹرنیٹ نظام کی بہتری کیلئے بڑا اقدام ہے۔
وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کیلئے سنگِ میل ہے، وزیرِاعظم کی ہدایت تھی کہ پاکستان میں انٹرنیٹ نظام کو بہتر بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شمسی توانائی سے چلنے والا لیپ ٹاپ، موبائل ورک اسٹیٹ اپ کا نیا انقلاب
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ جیسے جدید حل سے ملک میں کنیکٹیویٹی میں بہتری آئے گی۔
حکومت نے ’ہول آف گورنمنٹ‘ اپروچ کے تحت تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، سائبر کرائم ایجنسی، سیکیورٹی ایجنسیز، پی ٹی اے اور اسپیس اتھارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اسٹارلنک کی فیس ادائیگی اور دیگر لائسنسنگ ضروریات کو مکمل کرے گا۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں اسٹارلنک کی آمد سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔




