میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)سابق صدرآزاد کشمیر و تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ ؒکی 35ویں سالانہ برسی سرکاری طور پر نہایت ہی عقیدت واحترام اور مذہبی طریقے سے منائی گئی۔
مرحوم کے مقبرہ پر جموں وکشمیر لبریشن سیل، ضلعی انتظامیہ،محکمہ اوقاف اور سید علی احمد شاہ میموریل سوسائٹی کی طرف سے صبح سویرے قرآن خوانی کا آغاز ہوا جس کے بعد مزار شریف پر حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے کمشنر چوہدری مختار حسین، افسر مال سید کلیم عباس شاہ نے چادریں اورپھول چڑھائے اور غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔
دعائیہ تقریب میں ممبر پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ،کشمیر پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ،اسٹیٹ آفیسر بلدیہ راجہ ہمایوں رزاق،چیف آفیسر ضلع کونسل بھمبر راجہ محمد حفیظ،سابق ممبر بورڈ آف گورنر پریس فاؤنڈیشن ارشد محمود بٹ،ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز سید تخلیق الزمان بخاری،پرنسپل گورنمنٹ کالج ڈاکٹر اشفاق احمد،پرنسپل محمد ادریس چوہدری،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،صحافیوں،وکلاء و سول سوسائٹی سمیت دیگر نے مزار شریف پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔قبل ازیں مزار پر حمدو نعت اور درود پاک پیش کیا گیا۔