رمضان پیکیج کی شفاف تقسیم، ڈپٹی کمشنر اشفاق گیلانی سے بلدیاتی نمائندوں کی اہم ملاقات

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی سے چیئرمین میونسپل کمیٹی سجاول خان، ممبران ضلع کونسل آصف اقبال مغل، راجہ انور حسین، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی شیخ ممتاز حسین، چیئرمین یونین کونسل سراں راجہ اعجاز خان، وائس چیئرمین یوسی کھلانہ عبدالقدیراور کونسلر یوسی سیناں دامن سید جواد ہمدانی نے رمضان راشن پیکیج کی تقسیم کے حوالے سے ملاقات کی۔

بلدیاتی نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ علاقے میں مستحق افراد کی نشاندہی بہتر انداز میں وہ خود کر سکتے ہیں کیونکہ عوام کا ان پر اعتماد ہے اور اس وقت ان پر شدید دباؤ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فلاحی تنظیم علاقے میں کام کرنا چاہے تو انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ان سے رابطہ کرے تاکہ وہ رضاکارانہ طور پر اس میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت حلف اٹھا چکے ہیں اور ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی نے بلدیاتی نمائندوں کی بات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی بہتر نمائندگی مقامی نمائندے ہی کر سکتے ہیں، اس لیے آئندہ کسی بھی فلاحی ادارے کے کام کیلئے بلدیاتی نمائندوں سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی مسئلے پر ان سے بلا جھجک رابطہ کیا جا سکتا ہے اور ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح کے کاموں میں ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ضلع جہلم ویلی کی نیک نامی میں اضافہ ہو۔ اس ملاقات کو رمضان راشن پیکیج کی شفاف تقسیم کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جس سے مستحق افراد تک امداد کی بروقت اور منصفانہ ترسیل ممکن ہوگی۔
محکمہ تعلیم نسواں نیلم کی بادشاہی ، 4 ماہ سے سکول بند، طلباء وطالبات تعلیم سے محروم

Scroll to Top