لیپہ : وادی لیپہ میں برائلر مرغی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران بھی شہری مہنگی مرغی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ مقامی پولٹری ڈیلرز من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
مظفرآباد میں برائلر مرغی 510 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ کیل اور شاردہ میں اس کی قیمت 520 روپے فی کلو ہے مگر لیپہ میں یہی مرغی 585 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہےاور پولٹری مافیا کی لوٹ مار کھلے عام جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ وادی لیپہ میں نہ تو فوڈ اتھارٹی متحرک ہے اور نہ ہی کوئی مؤثر پرائس کنٹرول سسٹم موجود ہے جس کی وجہ سے مرغی فروش بلا روک ٹوک من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
عوام نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس ناانصافی کا فوری نوٹس لیا جائے قیمتوں کے غیر منصفانہ فرق کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ان عناصر کو بے نقاب کیا جائے جو پولٹری ڈیلرز کی مبینہ ملی بھگت میں شامل ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ سخت کارروائی کے بغیر ناجائز منافع خوری کا سلسلہ نہیں رُکے گا لہٰذا وادی لیپہ کے شہریوں کو بھی دیگر علاقوں کی طرح مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔