مظفرآباد میں مرغی، سبزیوں اور پھلوں کے نئے نرخ جاری

مظفرآباد: (21 مارچ 2025) ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے تازہ نرخ جاری کر دیے ہیں، جن میں مرغی، انڈے، سبزیاں اور پھل شامل ہیں۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سخت ہدایات دی گئی ہیں اور دکانداروں کو سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جو دکاندار زائد قیمت وصول کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نئے نرخوں کے مطابق برائلر زندہ مرغی 510 روپے فی کلو جبکہ بریڈر مرغی کا گوشت 540 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔ دیسی مرغی 1050 روپے فی کلو اور گولڈن مرغی 850 روپے میں فروخت کی جائے گی۔ انڈوں کی قیمتیں، 40 سے 50 گرام وزن والے انڈے 250 روپے درجن جبکہ 51 سے 65 گرام والے 270 روپے درجن میں ملیں گے۔

سبزیوں کی قیمتوں میں کچھ رد و بدل کیا گیا ہے۔ آلو اول 60 روپے، آلو دوئم 50 روپے، چائنہ سے درآمد شدہ لہسن 620 روپے، پیاز 70 روپے اور ٹماٹر 80 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں۔ پھول گوبھی 40 روپے، کریلہ 280 روپے، کدو 60 روپے، لیموں 200 روپے، پالک 35 روپے، مولی 30 روپے، گاجر 50 روپے، مٹر 150 روپے اور کھیرے کی قیمت 70 روپے فی کلو رکھی گئی ہے۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی کچھ کمی اور اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سفید سیب 230 روپے، سفید گولہ سیب 150 روپے، کالا سیب 260 روپے جبکہ ایرانی سیب 370 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔ کیلا 250 روپے درجن، کینو 410 روپے میں چار درجن، بلڈ مالٹا 350 روپے، امرود پنجاب 230 روپے، انار 550 روپے، خربوزہ پیلا 150 روپے اور اسٹرابیری 350 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام دکاندار اور ریڑھی بان سرکاری نرخوں پر عمل کریں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ مزید برآں گاہک کے مطالبے پر رسید فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی دکاندار زائد قیمت وصول کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

Scroll to Top