امریکہ کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی ٹکسال (یو ایس منٹ) کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چہرے والا ایک ڈالر کا یادگاری سکہ باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے۔
امریکی اداروں پر اپنی ذاتی چھاپ چھوڑنے کی سلسلے وار کوششوں کے تحت جاری کیے جانے والے اس سکے کے سامنے کے رخ پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ‘LBRTY’ اور ‘IN GOD WE TRUST’ کے الفاظ درج ہیں۔ یو ایس منٹ کے مطابق ان سکوں کو یادگاری اشیا کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور فروخت شروع ہوتے ہی آن لائن پورٹل پر زبردست رش کے باعث یہ گھنٹوں میں آؤٹ آف اسٹاک ہو گئے، جس کے بعد مزید سکے تیار کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے جوہری مقام پر جلد شدید حملہ کرینگے،ٹرمپ کی بڑی دھمکی
قانونی شق کے ذریعے رکاوٹ کا خاتمہ:
عام طور پر امریکی قانون کے تحت کسی بھی زندہ شخص یا موجودہ صدر کی تصویر کرنسی پر شائع کرنے پر سخت پابندی عائد ہوتی ہے۔ تاہم، ٹرمپ انتظامیہ نے سالگرہ کی مناسبت سے 2020ء کے خصوصی ایکٹ کی شق کو استعمال کرتے ہوئے اس قانونی رکاوٹ کو دور کیا۔ امریکی تاریخ میں یہ تقریباً ایک صدی بعد پہلا موقع ہے کہ کسی زندہ صدر کی تصویر سکے پر نقش کی گئی ہے، اس سے قبل 1926ء میں صدر کیلوِن کولج کے دور میں ایسا ہوا تھا۔
امریکی ٹکسال کی جانب سے 25 سکوں کا ایک رول 61 ڈالر اور 100 سکوں کا ایک تھیلا 154.50 ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ آن لائن ویب سائٹ کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی میں واقع یو ایس منٹ کے اسٹور کی وینڈنگ مشینوں سے بھی شہری یہ سکے خرید رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق یہ سکہ ملک کی 250 سالہ تاریخی تقریبات کی یادگار کے طور پر تیار کیا گیا ہے جو جدید سکوں کے مجموعے میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا۔




