بارش

بالائی علاقوں میں 12 سے 36 گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

Pakistan SCO Summit 2026

ملک کے بالائی علاقوں بشمول آزاد کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آئندہ 12 سے 36 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار سے بہت موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے والی مغربی ہواؤں کی لہر اور بحیرہ عرب و خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہواؤں کے باعث ہونے والی اس شدید بارش کے نتیجے میں جڑواں شہروں سمیت کئی اضلاع میں اربن فلڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی مقامات جل تھل ہونے اور عام ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہونے کا قومی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نارووال مندر کوطوفانی بارش سے نقصان پہنچا، بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، پاکستان

پہاڑی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

اس موسمی صورتحال کے باعث مری، گلیات، آزاد کشمیر اور پوٹھوہار سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی مقامات کے رہائشیوں اور مسافروں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے تا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا حادثے سے بچا جا سکے۔

راولپنڈی انتظامیہ، واسا اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ

اس ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ نے واسا، ریسکیو 1122 اور پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام محکموں کو نکاسی آب کے مناسب انتظامات فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تا کہ نچلے علاقوں میں پانی جمع نہ ہو سکے۔

دیگر صوبوں اور خطوں میں بارش کے امکانات

موسمیاتی رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں، آزاد کشمیر اور پوٹھوہار کے علاوہ خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تمام انتظامی محکموں کو چوکس رہنے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی تا کید کی گئی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026