سی ایس ایس

سی ایس ایس ، اُمیدواروں کیلئے عمر کی حد 35 سال کرنے کی سفارش مسترد

Pakistan SCO Summit 2026

سی ایس ایس کے اُمیدواروں کی بالائی عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال کرنے اور امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارشات مسترد کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق CSS امتحان سے متعلق پارلیمانی سطح پر سامنے آنے والی سفارشات پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اپنا تحریری مؤقف پیش کردیا ہے، جس میں موجودہ عمر کی حد اور امتحان میں شرکت کے مواقع برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے CSS امیدواروں کے لیے بالائی عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جبکہ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے اُمیدواروں کو CSS امتحان میں شرکت کے موجودہ 3 مواقع کے بجائے 5 مواقع فراہم کرنے کی تجویز دی تھی۔

تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پارلیمانی کمیٹی کو اپنے تحریری مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے دونوں سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دیا۔

ڈویژن کے مطابق CSS امتحان کیلئے عمر کی حد مقرر کرنا اور اُمیدواروں کو امتحان میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ اختیار میں آتا ہے، جبکہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) وفاقی حکومت کی منظور شدہ پالیسی کے مطابق امتحانات کا انعقاد کرتا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ FPSC کے 174ویں اجلاس میں بھی CSS امتحان سے متعلق موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اُمیدواروں کیلئے بالائی عمر کی حد 30 سال اور امتحان میں شرکت کے مواقع 3 ہی رہیں گے۔

تحریری مؤقف میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عمر کی حد میں اضافے کے ممکنہ اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈویژن کے مطابق اگر CSS امتحان میں شرکت کیلئے عمر کی بالائی حد 35 سال کردی جاتی ہے تو امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے امتحان کے انعقاد، انتظامی امور اور امتحانی پرچوں کی جانچ کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس تحریری امتحان کے نتائج جاری،حنیف ملک بیٹی بھی کامیاب

ڈویژن نے امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی تجویز پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ مؤقف کے مطابق اُمیدواروں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے سے بعض امیدوار کئی سال تک بار بار CSS امتحان میں شرکت کرتے رہ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے کئی پیداواری سال اسی عمل میں صرف ہونے کا امکان ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مزید کہا کہ زیادہ عمر میں سول سروس میں شامل ہونے والے افسران کی مؤثر مدتِ ملازمت نسبتاً کم ہوسکتی ہے، جس کا اثر سرکاری ملازمت میں ان کی طویل المدتی کارکردگی اور دستیابی پر پڑ سکتا ہے۔

تحریری جواب میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ عمر کی حد میں اضافے کے نتیجے میں اعلیٰ سرکاری عہدوں کیلئے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈویژن کے مطابق سول سروس میں افسران کی تقرری، تربیت، تجربے اور ترقی کے پورے نظام کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ عمر کی حد برقرار رکھنا زیادہ مناسب ہے۔

یوں پارلیمانی کمیٹیوں کی جانب سے CSS اُمیدواروں کیلئے عمر کی حد اور امتحان میں شرکت کے مواقع بڑھانے کی سفارشات کے باوجود اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس امتحان میں کامیابی سمیٹنے والی آزادکشمیر کی 4 بیٹیاں، تعلق کہاں سے ہے؟

اس فیصلے کے بعد فی الحال CSS امتحان کے لیے بالائی عمر کی حد 30 سال جبکہ امتحان میں شرکت کے مواقع 3 ہی رہیں گے۔

Pakistan SCO Summit 2026