مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی جانب سے انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے اعلان کو شہریوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے روزمرہ زندگی کیساتھ ساتھ تعلیم، کاروبار، روزگار اور آن لائن سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئیگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ تعلیم، کاروبار، روزگار، معلومات اور سرکاری و نجی خدمات تک رسائی کا ایک اہم وسیلہ بن چکا ہے۔
انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی کے باعث بالخصوص طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور مختلف شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آن لائن لیکچرز، تعلیمی مواد، تحقیقی معلومات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مستحکم انٹرنیٹ سروس ناگزیر ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیرصدارت پہلا اجلاس، اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کا فیصلہ
انٹرنیٹ کی بحالی سے طلبہ کو اپنی تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھنے میں مدد ملے گی اور انہیں تعلیمی مواد تک بروقت رسائی حاصل ہو سکے گی۔
شہریوں نے کہا کہ نوجوان وزیراعظم افتخار گیلانی کو فل سپورٹ کریں گے اور ہمیں پوری اُمید ہے کہ آزاد کشمیر کے موجودہ وزیر اعظم ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔
دوسری جانب فری لانسرز اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد نے بھی انٹرنیٹ کی بحالی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش سے نہ صرف کام متاثر ہوتا ہے بلکہ بیرونِ ملک کلائنٹس کے ساتھ رابطے، آن لائن میٹنگز، ادائیگیوں اور کاروباری معاملات میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کو مستقل اور بلاتعطل یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ، تاجروں، فری لانسرز اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو مستقبل میں ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں جدید مواصلاتی سہولیات کی بہتری سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ نوجوانوں کیلئے آن لائن روزگار اور کاروبار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے ممبر اسمبلی مریم کشمیری کی اہم ملاقات
شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے اعلان کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ ادارے سروس کی بحالی کے عمل کو مؤثر انداز میں مکمل کریں گے اور صارفین کو بہتر اور مستحکم انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جائے گی۔




