میرپور سے تعلق رکھنے والے نمائندے آصف اقبال کی رپورٹ کے مطابق بھمبر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان بہتر مستقبل کے خواب دل میں سجائے غیر قانونی راستے سے یورپ جانے کی کوشش کے دوران مبینہ طور پر جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والے ان دکھیارے نوجوانوں کی شناخت محمد شہباز اور محمد وحید کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان ایران سے ترکی کے راستے یونان اور دیگر یورپی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس سفر کے دوران وہ مبینہ طور پر فائرنگ کا نشانہ بن گئے، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں نوجوانوں کی میتیں 3 ستمبر کو صبح 11 بجے کوئٹہ سے بھمبر پہنچائی جائیں گی، جہاں ان کی تدفین آبائی علاقوں میں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر حکومت سازی کے خلاف مظفرآباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر، 15 ستمبر کو سماعت ہوگی
ایجنٹوں کا فراڈ اور ورثاء کا حکومتی اداروں سے مطالبہ:
واقعے کے حوالے سے یہ تشویشناک انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں نے یورپ پہنچانے کا جھانسہ دے کر ان نوجوانوں سے مبینہ طور پر 6، 6 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ اس المناک واقعے کے بعد دونوں کے گھروں میں قیامت کا منظر ہے اور خاندان شدید غم و صدمے سے نڈھال ہیں۔
اس المناک حادثے کے بعد اہلِ خانہ اور مقامی شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں اور ان کے نیٹ ورک کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے بدعنوان عناصر کی بیخ کنی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی اور نوجوان اپنے بہتر مستقبل کی تلاش میں اس طرح کی خطرناک اور غیر قانونی راہ کا شکار نہ بنے۔




