اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے دارالحکومت کے شہریوں کی ایک بڑی اور دیرینہ پریشانی کا عملی حل نکالتے ہوئے ‘مکینک آن ویلز’ (Mechanic on Wheels) کے نام سے ایک جدید اور منفرد سروس متعارف کرا دی ہے۔ اس نئی سہولت کے تحت اب سڑک پر گاڑی خراب ہونے یا بند پڑ جانے کی صورت میں شہریوں کو صرف ایک فون کال پر سرکاری مکینک کی مدد حاصل ہو سکے گی۔
پولیس حکام کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے کسی بھی علاقے یا شاہراہ پر اگر کسی شہری کی گاڑی میں کوئی فنی خرابی پیدا ہو جائے یا گاڑی راستے میں اچانک رک جائے، تو شہری بغیر کسی پریشانی کے فوری طور پر ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ کال موصول ہوتے ہی پولیس کا سروس یونٹ حرکت میں آ جائے گا۔
سفری سہولت اور تکنیکی امداد کا نیا نظام:
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ‘مکینک آن ویلز’ سروس کے تحت ایک مخصوص اور تربیت یافتہ تکنیکی عملہ متاثرہ گاڑی کے مقام تک بلا تاخیر پہنچے گا۔ یہ عملہ موقع پر ہی شہری کو ممکنہ تکنیکی سہولت اور مرمت کی امداد فراہم کرے گا تاکہ سفر کے دوران گاڑی خراب ہونے پر ڈرائیور اور اس کے اہلخانہ کو طویل انتظار، کھجل خواری یا دیگر سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنڈا CD70 اور CD ڈریم کے لیے نئی اقساط سکیم متعارف، اپلائی کرنے کا طریقہ جانئیے
اس اہم اور جدید سروس کے آغاز پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی نمائی کے لیے ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے جس کا عنوان ہے: “Where the car stops, help arrives there” یعنی “جہاں گاڑی رکے، مدد وہیں پہنچے گی۔”
حفاظتی تدابیر اور شہریوں سے اپیل:
پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کے سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ، آرام دہ اور آسان بنانا ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں کے وسط میں خراب گاڑیوں کے کھڑے رہنے سے پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل اور روڈ بلاکیج پر قابو پانے میں بھی یہ سروس انتہائی مددگار ثابت ہو گی۔
ٹریفک پولیس اسلام آباد نے تمام شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی جگہ گاڑی اچانک بند یا خراب ہو جانے کی صورت میں گھبرانے یا پریشان ہونے کے بجائے فوری طور پر ہیلپ لائن 1915 پر کال کریں اور ‘مکینک آن ویلز’ کی سرکاری سروس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔




