واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا میں داخلے پر پابندی کے لیے نئی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔
محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کسی فہرست کا کوئی وجود نہیں اور اس حوالے سے زیر گردش اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر امریکی سلامتی کے تناظر میں ویزا مسائل کے حل اور داخلے کی اجازت دینے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا رہا ہے،جب یہ جائزہ مکمل ہو جائے گا تو ہم اس حوالے سے تفصیلات فراہم کر سکیں گے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ان افغان شہریوں کو امریکا میں بسانے کے وعدے پر قائم ہےجنہوں نے امریکی فوج کے ساتھ تعاون کیا اور اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہری بے بس کرایوں میں ہوشربا اضافہ، مظفرآباد میں عید پر سفری مشکلات عروج پر
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی ہے جب عالمی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ دوبارہ اپنے سابقہ دور کی طرح سفری پابندیوں کا منصوبہ بنا رہی ہے جس سے افغانستان اور پاکستان سمیت کئی ممالک متاثر ہو سکتے ہیں۔