مظفرآباد میں شہریوں کا کہنا ہے کہ عید قریب آتے ہی ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم ہوگئی ہے اور من مانے کرائے وصول کیے جارہے ہیں جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ خاموش تماشائی بنا ہوا ہےجس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید کی خریداری اور چھٹیوں کے لیے اپنے گھروں کو جانے والے افراد کو مہنگےکرایوں کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹس کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز من مانی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دیگر شہروں اور دیہاتوں سے مظفرآباد آنے والے افراد اور ملازمت پیشہ افراد جو عید کے لیے واپس جانا چاہتے ہیں اضافی کرایوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لے اور کرایوں میں بے جا اضافے کو روکے۔ پہلے ہی عوام مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہے اوپر سے ٹرانسپورٹ مافیا کی لوٹ مار مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں کھیلوں کا ٹیلنٹ سہولیات کے بغیر ماند پڑ رہا ہے، یوتھ ایکٹیوسٹ راجہ صائم اشفاق
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ وہ سرکاری کرایوں پر عمل کرنے کے پابند ہوں اور عوام کو سفری سہولیات میں آسانی میسر آسکے۔