مبارکباد

صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عید میلادالنبی ﷺ پر مبارکباد

 صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔

صدر مملکت کا قوم کے نام اہم پیغام

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحیثیت امت محمدی ﷺ مسلمانوں پر لازم ہے کہ معاشرے میں عدل و انصاف، برداشت اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے انسانی وقار کے تحفظ کو بھی اجتماعی ذمہ داری قرار دیا۔

عدل، برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور

صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے میں امن اور استحکام کیلئے باہمی احترام، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔

نوجوان نسل سیرت طیبہ ﷺ سے رہنمائی لے

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرت طیبہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے اور علم، بلند کردار، محنت اور خدمت انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنانا چاہیے۔

وزیراعظم کی قوم کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قوم کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسوہ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح، فلاح اور کامیابی کے لیے مشعل راہ ہے۔

سیرت طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے کا عزم

وزیراعظم نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی مبارک زندگی دین اسلام کی تعلیمات کا بہترین عملی نمونہ ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرت طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرز عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

مضبوط اور خوشحال پاکستان کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو مضبوط، خوشحال، پرامن اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی اور معاشرتی بہتری کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

عید میلادالنبی ﷺ کا پیغام اخوت اور انسانیت ہے

وزیراعظم نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ ہمیں اخوت، محبت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتی ہے، جس پر عمل کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت ، ملک بھر میں چراغاں ،گلیاں ، بازار رنگ و نور سے منور

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس موقع پر ملک کی سلامتی، امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔