نیوزی لینڈ کی مسلسل دوسری فتح، پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست

ڈونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ بارش کے باعث میچ کو فی اننگز 15 اوورز تک محدود کردیا گیا تھاجس میں پاکستان نے کیویز کو 136 رنز کا ہدف دیا جو میزبان ٹیم نے 13.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجبکہ بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی اور آغاز ہی میں وکٹیں گنوا بیٹھی۔

قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گر گئی جب اوپنر حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد محمد حارث بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 19 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

عرفان خان 11 رنز بنا کر 50 کے اسکور پر آؤٹ ہوئےجبکہ خوشدل شاہ بھی صرف 2 رنز کا اضافہ کر سکے اور 52 کے مجموعے پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان آغا سلمان نے قدرے بہتر کھیلتے ہوئے28 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی مگر 76 کے مجموعے پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کاروباری افراد کے لیے خوشخبری، حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے بلا سود قرضہ اسکیم کا اعلان!

شاداب خان نے 14 گیندوں پر 26 رنز بنائےتاہم 110 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں جہانداد خان صفر، عبدالصمد 11 اور حارث رؤف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئےیوں پاکستان کی ٹیم 135 رنز تک محدود رہی۔

واضح رہے کہ 5 میچز پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی جس میں ابرار احمد کی جگہ حارث رؤف کی واپسی ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی اس شاندار جیت کے بعد پاکستان کے لیے سیریز میں کم بیک کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

Scroll to Top