آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست بھر میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی ہدایت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی اور عالمی شہرت یافتہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں جاری تین روزہ جشن کی تقریبات باوقار انداز میں اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔
ان تین روزہ جشن کی تقریبات کے دوران ایوانِ صدر، ایوانِ وزیراعظم سمیت ریاست بھر کی تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر تینوں برادر اسلامی ممالک کے قومی پرچم لہرائے گئے۔ رات کے اوقات میں ان عمارتوں کو سبز اور سرخ برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا کر دلی مسرت اور عقیدت کا بے مثال مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والی مرکزی شاہراؤں، چوکوں، چوراہوں اور بازاروں میں تینوں ممالک کے دلکش پرچموں پر مشتمل پینا فلیکسز اور رنگ برنگی جھنڈیاں آویزاں کی گئی تھیں جو عوام کے سچے جذبوں کی عکاسی کر رہی تھیں۔
سہہ روزہ جشن کی اختتامی تقریب:
سہہ روزہ جشن تقریبات کے اختتام پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں واقع وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ترجمان حکومتِ آزاد کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور سابق ٹکٹ ہولڈر حلقہ سات لیپہ ویلی شوکت جاوید میر تھے، جبکہ تقریب کی صدارت پارٹی کے سینئر رہنما اور پبلک ریلیشن آفیسر شوکت راٹھور خاکسار نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: پاکستان میں جشن، قیادت کے پورٹریٹس نمایاں،قومی پرچموں کی بہار
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حکومت شوکت جاوید میر نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستان کی خارجہ پالیسی، قومی یکجہتی اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کا تاریخی کردار دنیا بھر میں انسانیت کے تحفظ اور تہذیبوں کے درمیان ٹکراؤ کو روکنے میں کامیاب سفارتکاری کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل نے ہمیشہ پاکستان کو عالمی برادری میں تنہا کرنے اور اپنا فریب دہی پر مبنی بیانیہ تھوپنے کے لیے گمراہ کیا، لیکن اب وہ اپنی ہی لگائی ہوئی آگ کے شعلوں میں خود جل کر بھسم ہو رہے ہیں۔
قومی دفاع، تاریخی کامیابیاں اور قیادت کو خراجِ تحسین:
شوکت جاوید میر نے مزید کہا کہ ہمارا آفاقی دین اسلام اور محسنِ انسانیت حضور اکرم ﷺ نے ہمیشہ امن و سلامتی کا درس دیا ہے اور جارحیت، عدم برداشت، انتہا پسندی اور بلاجواز خونریزی سے سخت منع فرمایا ہے۔ عالمی سامراجی قوتوں اور ان کے حاشیہ برداروں نے ہمیشہ منفی ایجنڈے کو تقویت دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے، لیکن باطل کے مٹنے اور حق کے غالب آنے کا فیصلہ پروردگار کا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت تبدیل نہیں کر سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو آپریشن سندھور میں عبرتناک شکست اور پاکستان کو فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی عظیم الشان فتح نے عالمی منظر نامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ جب سے الحرمین الشریفین کی خادمیت کا شرف پاکستان کو حاصل ہوا ہے، کشمیری اور پاکستانی عوام اس پر رب العزت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دو قومی نظریے پر حاصل ہونے والے ملک کے دفاع، آپریشن راہِ نجات، آپریشن ضربِ عضب، آپریشن رد الفساد اور آپریشن فتنہ الخوارج میں افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی لا زوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور میزائل ٹیکنالوجی کے حصول پر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دخترِ مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شوکت جاوید میر نے عزم ظاہر کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور، پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری ریاض اور وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں اہل کشمیر پاکستان کے بازوئے شمشیر زن کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے افواجِ پاکستان، شہدائے کشمیر، شہدائے جمہوریت اور شہدائے دہشت گردی کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔




