مظفرآباد: (17 مارچ 2025) ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے مرغی، انڈوں، سبزیوں اور پھلوں کے تازہ نرخ جاری کر دیے ہیں۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔
جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق برائلر زندہ مرغی 510 روپے فی کلو جبکہ مرغ بریڈر کا گوشت 540 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔ دیسی مرغی 1050 روپے اور گولڈن مرغی 850 روپے فی کلو میں فروخت کی جائے گی۔ انڈوں کی قیمتوں میں بھی کوئی رد و بدل نہیں ہواجس کے مطابق 40 سے 50 گرام وزن والے انڈے 275 روپے درجن جبکہ 51 سے 65 گرام والے 295 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
سبزیوں کے نرخوں میں تھوڑی تبدیلی کی گئی ہےجس کے تحت آلو اول 70 روپے، دوئم 60 روپےجبکہ چائنہ سے درآمد شدہ لہسن 650 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ پیاز 70 روپے، ٹماٹر 80 روپے، پھول گوبھی 40 روپے، کریلہ 300 روپے، کدو 60 روپے، لیموں 200 روپے، پالک 35 روپے، مولی 30 روپے، گاجر 50 روپے، مٹر 140 روپے اور کھیرے کی قیمت 70 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی کمی بیشی کی گئی ہے جس کے مطابق سفید سیب 230 روپے، سفید گولہ سیب 140 روپے، کالا سیب 260 روپےجبکہ ایرانی سیب 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ کیلے کی قیمت 280 روپے فی درجن جبکہ کینو 410 روپے میں چار درجن مقرر کی گئی ہے۔ بلڈ مالٹا 350 روپے، امرود پنجاب 190 روپے، انار 550 روپے، خربوزہ پیلا 150 روپے اور اسٹرابیری 300 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
انتظامیہ نے سختی سے ہدایت دی ہے کہ تمام دکاندار اور ریڑھی بان اشیاء کی قیمتوں پر فروخت کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ گاہک کے مطالبے پر رسید فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی دکاندار کی جانب سے زائد قیمت وصول کی جائے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔