مظفرآباد : دارالحکومت کے وارڈ 32 بیلہ نورشاہ میں پارک کی اراضی پر قبضے کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا جس کے بعدعوامی غصے کے پیش نظر انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے پارک کے چھ ماہ کے معاہدے کو منسوخ کرتے ہوئے صرف رمضان المبارک کے دوران سستا بازار لگانے کی اجازت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیلہ نورشاہ کے عوام نے حکومت کی جانب سے سستے بازار کی آڑ میں 100 سے زائد کنال سرکاری اراضی کو قبضے میں دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھر پور احتجاج کیا جس میں شہر بھر کے عوام نے شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ و میونسپل کارپوریشن کے اس اقدام پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
احتجاج کے دوران مئیر میونسپل کارپوریشن نے مظاہرین کی موجودگی میں پارک کی اراضی سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاجس میں واضح کیا گیا ہےکہ یہ زمین سستے بازار کے نام پر مستقل طور پر کسی کے حوالے نہیں کی جائے گی بلکہ رمضان کے بعد اس پر کوئی اور سرگرمی نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ہٹیاں بالا انٹر کالج کی عمارت یونیورسٹی کو دینے کی اطلاعات پر شدید ردعمل، طلبہ و علمی حلقے سراپا احتجاج
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اراضی کو ہر قسم کے قبضے سے محفوظ بنایا جائے اور پارک کو عوامی تفریحی مقام کے طور پر برقرار رکھا جائے۔