مظفرآباد : آزاد کشمیر میں مسلسل پانچ دن کی بارشوں اور برف باری کے بعد آج سورج نکل آیا جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ سورج کی کرنیں پڑتے ہی درجہ حرارت میں کچھ اضافہ ہو گیا اورٹھنڈ میں کمی آئی ہے ساتھ ہی معمولات زندگی بحال ہونے لگے۔ موسم بہتر ہوتے ہی شہریوں نے عید کی خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کیا جس سے مارکیٹوں میں رونق ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (17 مارچ 2025) آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف اور خوشگوار رہے گا۔ مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17°C جبکہ کم سے کم 7°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔
پیشگوئی کے مطابق23 سے 26 مارچ تک مطلع زیادہ تر صاف رہے گا تاہم 25 اور 26 مارچ کو صبح کے وقت ہلکے بادل چھانے کا امکان ہے۔
کیا بارش متوقع ہے؟
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں آئندہ 10 روز تک بارش کا کوئی خاص امکان نہیں۔ البتہ 27 سے 30 مارچ کے درمیان چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے دیگر شہروں کے موسم اور پیشگوئی کی بات کی جائے تواسلام آباد میں 17 سے 22 مارچ تک موسم خشک اور خوشگوار رہے گا درجہ حرارت 22°C سے 25°C تک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم27 سے 30 مارچ کے دوران بارش کے امکانات موجود ہیں۔لاہور میں 17 سے 25 مارچ تک موسم خشک اور گرم رہے گاجہاں درجہ حرارت 26°C سے 30°C تک جا سکتا ہے۔ 28 مارچ کے بعد ہلکی بارش کا امکان ہے۔پشاور میں 18 سے 24 مارچ کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ 26 سے 29 مارچ کے دوران ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گاجہاں درجہ حرارت 28°C سے 34°C تک پہنچ سکتا ہے۔ آئندہ ہفتے کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔کوئٹہ میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ 24 مارچ کے بعد ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے بیشتر شہروں میں اگلے ایک ہفتے تک موسم خشک اور خوشگوار رہے گا۔ البتہ 27 مارچ سے بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔