میر پور ( کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر میں ماحول دوستی کی طرف پہلا قدم ،میرپور میں پہلی الیکٹرک کارٹ سروس کا آغاز، عوامی سہولت کے لیے سٹاپ ٹوسٹاپ سروس۔
دنیا بھر میں کلائمیٹ چینج اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دن بدن اضافے کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔
آزاد کشمیر میں ماحول دوستی کی طرف پہلا قدم اٹھاتے ہوئےمیر پور میں پہلی الیکٹرک کارٹ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے ،یہ سروس عوام کی سہولت کے لئے سٹاپ ٹو سٹاپ چلائی جارہی ہے ، یہ سروس دوسری پبلک گاڑیوں کی نسبت سستی بھی ہے ۔
کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ اچھی سروس ہے ہمیں بہت زیادہ فائدہ ہے ، اس کا کرایہ کلیال سے لے کر چوک شہیداں تک 30روپے ہے ۔
کوئی مسافر کلیال سے تھوتھال تک جاتا ہے تو اس کو 60روپے کرایہ ادا کرنا ہوگا،یہ ایک چارج میں 100 سے130کلو میٹر تک کا سفر طے کر لیتی ہے ۔ گاڑی کے اوپر سولر پلیٹس بھی لگی ہیں موسم صاف ہوتو اس کی چارجنگ بھی ہوتی رہتی ہے ۔
یہ خبر بھی پڑھیں۔ملاوٹ مافیا کیخلاف شکنجہ تیار، میرپور میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح
موسم ابر آلود ہونے کی صورت میں یہ آٹو میٹک بیٹریوں پر چلی جاتی ہے ،شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ یہ مزدور دوست گاڑی ہے ،30روپے کرایہ ہے ہمارے لئے یہ بہت بڑی سفری سہولت ہے ہمیں یہ مفت جیسی معلوم ہوتی ہے۔
شہریوں کا کہناتھا کہ یہ کارٹ سروس سستی ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بھی ہے ،حکومت کو چاہیے کہ اس جیسی مزید سروسز شروع کرے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں ۔