اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہےجس کے بعد پیٹرولیم لیوی 60 روپے سے بڑھ کر 70 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل پر بھی لیوی 10 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 70 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ تاہم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافے کا اطلاق 16 مارچ سے نافذ العمل ہوگا۔ یاد رہے کہ حکومت نے مالی سال 2025 کے بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کو 80 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا جس پر مرحلہ وار عمل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے لیکن حکومت نے لیوی میں اضافہ کر کے عوام کو ممکنہ ریلیف سے محروم کر دیا ہے کیونکہ اگر لیوی میں اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کے ساتھ عوام کو کچھ ریلیف رہتا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ وزیراعظم جلد بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی سے متعلق قوم کو آگاہ کریں گے اور ایک باضابطہ ریلیف پیکج کا اعلان متوقع ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 255 روپے63 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258روپے 64 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 168 روپے12 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 153 روپے 34 پیسےفی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگلی قیمتوں کا تعین 15 روز بعد کیا جائے گا۔