مظفرآباد : وادی لیپہ کو مظفرآباد اور دیگر شہروں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ شدید برفباری کے باعث بند ہوگئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ پانچ روز سے وادی لیپہ میں مسلسل بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری تھا جس کے نتیجے میں گزشتہ روز شیڑھ گلی روڈ پر شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستہ مکمل طور پر بلاک ہوگیاہے مزید یہ کہ شدید برفباری کے دوران گلیشیئر کی زد میں آکر دو گاڑیاں برف میں پھنس گئیں تھیں جنہیں پاک فوج اور محکمہ شاہرات کی مشینری کی مدد سے بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
انتظامیہ نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ لیپہ-ریشیاں روڈ بحالی تک کسی بھی قسم کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ محکمہ شاہرات کے مطابق جیسے ہی موسم صاف ہوگا راستے کھولنے کے لیے بحالی آپریشن شروع کردیا جائے گا تاکہ آمد و رفت بحال ہوسکے۔