پارک کیلئے مختص اراضی پر تعمیرات،نیلم پارک بچائو تحریک کا احتجاج کااعلان

مظفرآباد( مسعود عباسی ،کشمیر ڈیجیٹل) نیلم پارک بچائو تحریک نے آج ویسٹرن بائی پاس روڈ پر احتجاج کا اعلان کردیا، ہم نے ہر چوکھٹ پر دستک دی کسی نے بات نہیں سنی تصادم ہونے کی صورت میں ذمہ دار انتظامیہ ہوگی ، نیلم پارک بچائو تحریک کا موقف۔

کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اراضی کو من پسند افراد کو الاٹ کرنے اور 33سالوں سے پارک کے لئے مختص زمین پر تعمیرات کیخلاف دو درجن سے زائد گا ئوں سمیت چار وارڈز کے لوگوں نے نیلم پارک بچاؤ تحریک کی جانب سے آج مورخہ 16 مارچ 2025 دن دو بجے ویسٹرن بائی پاس روڈ پر قبضہ مافیا کیخلاف احتجاج کرنےکااعلان کر دیا ہے۔

نیلم بچائو تحریک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر کہیں بھی کوئی تصادم جانی یا مالی نقصان ہوا تو اسکی تمام تر ذمہ داری میونسپل کارپوریشن،کمشنر،ڈپٹی کمشنر سمیت ان افراد پر ہوگی جو ناجائز طاقت کے بل بوتے قبضہ کر رہے ہیں۔

۔متاثرین کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام تر قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حقوق کے لیے ہر چوکھٹ پر دستک دی ہے لیکن ہماری بات کسی نے نہیں سنی ۔اب ہم مجبور ہوکر احتجاج کا اعلان کررہے ہیں

اہل علاقہ نے ذمہ داران سے اصلاح احوال کامطالبہ بھی کیا ہے ، تحریک کی جانب سے اہلیان علاقہ ، سول سوسائٹی کو کہا گیا ہے کہ ہمارے احتجاج میں شامل ہوکر ظلم اور جبر کیخلاف ڈٹ جائیں ۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔ایڈھاک ملازمین کا 17 مارچ کو اہم اجلاس طلب ، احتجاج تحریک کا اعلان متوقع

Scroll to Top