اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیرِ اعظم شہبازشریف نے بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے پیٹرولیم قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم قیمتیں سابق سطح پر برقرار رکھتے ہوئے اس کا پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ان بہت سے دیگر اقدامات میں سے ایک ہے جو بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کا باعث بنیں گا۔
بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے فرق سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش اور دیگر اقدامات سے بجلی کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پیکج تیار ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے پیکج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اگلے چند ہفتوں میں بجلی کے نرخوں میں کمی کی صورت میں ریلیف اور عوام کیلئے مزید آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ اس ریلیف سے نہ صرف بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی بلکہ اسکا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر پڑے گا