اسلام آباد: وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریاست امن کا گہوارہ ہے، ہم کب تک اس امن کو اپنے ہی خون سے داغدار ہوتا دیکھتے رہیں گے۔
منگل کو رات گئے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ سلسلہ یہیں رُک جانا چاہئے اور معصوم عوام کا امتحان اب ختم ہوجانا چاہئے۔
یہ ریاست امن کا گہوارہ ہے۔ ہم کب تک اس امن کو اپنے ہی خون سے داغدار ہوتا دیکھتے رہینگے؟ یہ سلسلہ یہیں رُک جانا چاہیئے اور معصوم عوام کا امتحان اب ختم ہوجانا چاہیئے۔ حقوق کا مطالبہ موت کا پروانہ نہیں بننا چاہیئے۔ ہم امن و امان کو یقینی بنانے کے لیئے ایک اور قدم آگے بڑھنے کے لیئے… pic.twitter.com/1eeFcblPsD
— Faisal Mumtaz Rathore (@PMofAJK) July 14, 2026
انہوں نے کہا کہ حقوق کا مطالبہ موت کا پروانہ نہیں بننا چاہئے، ہم امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ایک اور قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں، امید ہے اسکے جواب میں سنجیدگی اور بالغ نظری کا مظاہرہ کیا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹھک بلوچ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی فائرنگ،ایک اہلکار شہید،8زخمی
یاد رہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے آج 15جولائی کو مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے ، گزشتہ روز بھی راولاکوٹ اور ہجیرہ میںفائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور 8زخمی ہوئے جبکہ سویلین اموات بھی ہوئیں۔
گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کیلئے مظفرآباد پہنچ گئے ہیں۔
رات گئے ایک ویڈیو پیغام میں امیر جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان نے بھی کالعدم ایکشن کمیٹی سے لانگ مارچ کی کال ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی نے خواتین اور بچوں کو بطور ڈھال استعمال کرنا شروع کر دیا، لانگ مارچ سے قبل بڑا ہتھکنڈہ
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے فون پر بات ہوئی ہے اور مذاکرات میں پیشرفت کا امکان ہے اس لئےایکشن کمیٹی لانگ مارچ کی کال ملتوی کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر حکومت مذاکرات کے زریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس کیلئے وفد راولاکوٹ روانہ کیا گیا ہے۔




