مظفر آباد: چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم برائے بہار 2025 کا باضابطہ آغاز کردیا۔ اس مہم کا انعقاد محکمہ زراعت اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے کیا گیا جس میں اعلیٰ عدالتی و انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جج جسٹس رضا علی خان بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے جبکہ رجسٹرار سپریم کورٹ مظہر اقبال، سیکرٹری زراعت چوہدری امتیاز احمد، سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب خان سمیت اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ نثار شاہین، سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید مہر علی شاہ، سابق صدر سپریم کورٹ بار راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ، طاہر عزیز ایڈووکیٹ موجود تھے۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت ماحول کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ آزاد کشمیر کو سرسبز اور ماحول دوست بنایا جاسکے۔
تقریب میں ڈائریکٹر زراعت توسیع آمنہ رفیع، ناظم پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ملک محمد عامر، ناظم تحقیق ظفر جہانگیر، کنررویٹر جنگلات ملک اسد، مجتبی اعوان، ڈاکٹر محمد ذاکر، ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ ظہیر، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر مبشر سیف، اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر مرتضی گیلانی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے جنھوں نے شجرکاری مہم کی افادیت پر روشنی ڈالی۔