ضلع بھمبر میں اغواء اور لوٹ مار کی افواہیں، پولیس نے حقائق واضح کر دیے

بھمبر : ضلع بھمبر اور ملحقہ علاقوں میں اغواء اور لوٹ مار کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر پولیس نے وضاحت جاری کر دی۔ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر وائس میسجز اور تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایک نامعلوم گروہ ضلع گجرات سے بھمبر میں داخل ہوا ہے اور لوگوں کو بے ہوش یا اغواء کر کے لوٹ مار میں ملوث ہے۔

ترجمان پولیس ضلع بھمبر کے مطابق اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور کسی بھی مشتبہ گاڑی یا افراد کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ تاہم اب تک کسی بھی متاثرہ شخص کی جانب سے پولیس کو کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات کو پھیلانے سے گریز کریں تاکہ غیر ضروری خوف و ہراس سے بچا جا سکے۔ اگر کسی شہری کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے میں رپورٹ درج کرائی جائے۔ بھمبر پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام کے لیے ہر وقت الرٹ ہے۔

Scroll to Top