مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات دیئے جائیں اور ان کو اختیارات فراہمی جو رکاوٹ ہیں ان کو بے نقاب کیا جائے۔
مظفر آباد میں اپنی رہائشگاہ پر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان ممبران اسمبلی کا متبادل نہیں ،دونوں کا الگ الگ دائرہ کار ہے،آئین میں عدلیہ،انتظامیہ اور مقننہ کا دائرہ کار اوراختیارات وضع شدہ ہیں۔
ترقی یافتہ ممالک میں بنیادی مسائل حل کرنا بلدیاتی نمائندگان کے ذمہ ہے،آزادحکومت نے بلدیاتی نمائندگان کو فنڈز کے اجراء کے حوالے سے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کے سلسلہ میں جو اجلاس بلایا تھا اس میں شرکت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں تمام اداروں کے اختیارات کی تقسیم کارواضح طورپر موجود ہے،مقننہ،انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات وضع شدہ ہیں،بلدیاتی ادارے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہیں یہ اسمبلی کا متبادل نہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ممبران اسمبلی کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے تاہم بلدیاتی نمائندگان کو بھی یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ ایم ایل ایز اور ان کے اختیار اور ذمہ داریوں میں فرق ہے۔
بعدازاں سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ بار روم میں سابق صدر و قائداعظم کے پرائیویٹ سیکرٹری کے ایچ خورشید کی برسی کے حوالے سے منعقدہ دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ خورشید حسن خورشید بلند کردار کی حامل شخصیت تھے جن پر قائداعظم بے پناہ اعتماد کرتے تھے قیام پاکستان کے حواکے سے ان کے کردار کا حضرت قائد اعظم نے بھی برملا اعتراف کیا ۔
آزادکشمیر کی سیاست کے اندر ان کے کردار،نظریات لافانی ہیں وہ انتہائی نفیس شخصیت تھے جب ان کی وفات ہوئی تو جیب سے 25 روپے اور 50 پیسے نکلے میرے ساتھ وہ بہت شفقت فرماتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کسی بھی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی،بھرپور مزاحمت کریں گے، شاہ غلام قادر کا اعلان