آئی سی سی کو بھارت کی اجارہ داری ختم کرنی چاہیے: اینڈی رابرٹس برہم

ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری فاسٹ بولر اینڈی رابرٹس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے “انڈین کرکٹ بورڈ” قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ہر معاملے میں بھارت کو فائدہ پہنچا رہی ہے جو کھیل کی غیرجانبداری پر سوالیہ نشان ہے۔

اینڈی رابرٹس نے الزام لگایا کہ بھارت کو گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی غیر معمولی فائدے دیے گئے تھےکیونکہ انھیں پہلے ہی معلوم تھا کہ سیمی فائنل کہاں کھیلنا ہے۔ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم کو سفر نہیں کرنا پڑا جو کہ دیگر ٹیموں کے ساتھ غیر منصفانہ برتاؤ ہے۔

اینڈی رابرٹس کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایسا لگتا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھارت کے اشاروں پر چل رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا “اگر کل بھارت فیصلہ کر لے کہ نو بال اور وائیٹ بال ختم کر دی جائیں تو آئی سی سی اس کے لیے بھی کوئی راستہ نکال لے گی۔”

ویسٹ انڈین کرکٹ لیجنڈ نے خبردار کیا کہ بھارت ہر چیز اپنے حق میں نہیں کر سکتا اور آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ اس اجارہ داری کو روکے۔ ان کے مطابق کرکٹ ایک عالمی کھیل ہے اور اس کے فیصلے سب ممالک کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونے چاہئیں نہ کہ صرف ایک ملک کی مرضی کے مطابق فیصلے ہوں۔

Scroll to Top