عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن سید مشرف گیلانی نے کہا ہے کہ گزشتہ ستر سالوں سے جنہیں ہم حکمران سمجھ رہے تھے وہ درحقیقت ڈیلرز تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی بغیر کسی سیاسی جماعت سے الحاق کیے اپنے منشور کے ساتھ الیکشن میں جاتی ہے تو اسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہو گی۔
کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو میں سید مشرف گیلانی نے مزید کہا، “میں نہیں سمجھتا کہ کوئی سیاسی جماعت خالصتا عوامی حقوق کی بات کرتی ہے یا کرے گی۔ میرا خیال ہے کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی الیکشن میں جائے تو بغیر کسی سیاسی جماعت سے الحاق کے اپنے منشور کے ساتھ جائے تو اس کو عوام کی پذیرائی ملے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو اپنے نظریے اور منشور پر قائم رہتے ہوئے عوامی حقوق کے لیے الیکشن لڑنا چاہیے تاکہ حقیقی عوامی نمائندگی ممکن ہو سکے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق روایتی سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ عوام ایسی قیادت کو آگے لائیں جو خالصتاً عوامی حقوق کی نمائندگی کرے۔