چکار ، ضلعی انتظامیہ ان ایکشن ، گراں فروشوں کا گھیرا تنگ، تاجروں کو وارننگ جاری

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم کی ہدایت پر چکار میں رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی اور منافع خوری کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔

پرائس کنٹرول کمیٹیاں متحرک ہوگئیں اور روزانہ کی بنیاد پر کاروباری مراکز کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی، ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر چکار سردار علی صیاد، پولیس نفری اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹی ملک بشیر سمیت تاجر نمائندے اور سول سوسائٹی کے ارکان نے چکار میں بازاروں کی چیکنگ کی۔

اس موقع پر عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے مین بازار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے مہنگائی، غیر معیاری اشیاء اور تجاوزات کے حوالے سے شکایات پیش کیں۔

انتظامیہ نے بازاروں میں اشیاء خوردونوش، پھل، سبزی، مٹن اور بیف کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ مجموعی طور پر صفائی اور نرخوں کو تسلی بخش قرار دیا گیا، تاہم سستی مارکیٹ میں فروخت ہونے والے پھل اور سبزیاں غیر معیاری پائی گئیں، جس پر فوری بہتری کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر اور ایس پی جہلم ویلی نے رمضان ڈسکاؤنٹ چکن سروس شاپ کا بھی دورہ کیا، جہاں 30 روپے فی کلو کم قیمت پر مرغی کا گوشت فروخت کیا جا رہا تھا۔ انتظامیہ نے دیگر تاجروں کو بھی رمضان المبارک میں عوام کے لیے ریلیف فراہم کرنے کی تلقین کی۔

بازار میں شہریوں نے قصابوں کی جانب سے مقامی آبادی کو گوشت کی عدم فراہمی اور بیرونِ چکار اسمگلنگ کی شکایت کی، جس پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور بے ہنگم ٹریفک کی روک تھام کیلئے یکطرفہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر اشفاق گیلانی نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں منافع خوروں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی جلد اقدامات کئے جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سختی سے احکامات پر عمل کیا جائے گا اور جو عناصر مہنگائی یا غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے میں ملوث ہوں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top