آزاد کشمیر؛ پیپلز پارٹی کاانتخابات مؤخر کرنے کا بڑا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آزاد جموں و کشمیر نے خطے کی موجودہ گھمبیر اور کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن سے مہاجرین کی 12 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کو فوری طور پر مؤخر کرنے کا بڑا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے پارٹی کی اعلیٰ سطح کی کور کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد جموں کشمیر ہاؤس میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا کہ 12 مہاجرین نشستیں انسانی جانوں سے زیادہ قیمتی نہیں ہو سکتیں، اس لیے الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول واپس لے کر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے عمل کو آگے بڑھائے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاستی رٹ قائم کرینگے، کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی کال آف کرے،پھر بات کی جائے گی ،فیصل ممتاز راٹھور

اس اہم پریس کانفرنس کے موقع پر قانون ساز اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار محمد یعقوب خان، سینیئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرا حکومت سردار جاوید ایوب، جاوید اقبال بڈھانوی، سردار ضیاء القمر، چوہدری قاسم مجید، چوہدری یاسر سلطان، محترمہ تقدیس گیلانی، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی، صاحبزادہ ذوالفقار علی اور شاہین کوثر ڈار بھی موجود تھے۔ چوہدری محمد یسین نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست کو اس وقت درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سیاسی اتفاق رائے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 میں سے 37 مطالبات پر عملدرآمد بھی ہو چکا تھا، صرف مہاجرین نشستوں کا آئینی معاملہ زیرِ غور تھا جس کے حل کے لیے متبادل قانونی راستے موجود ہیں، لیکن احتجاجی کال سے محض چند روز قبل الیکشن شیڈول جاری کرنا ایک غیر مناسب فیصلہ تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مذاکراتی عمل کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی سے صرف ایک ہفتے کی مہلت مانگی گئی تھی جو قبول نہیں کی گئی، جبکہ موجودہ حالات میں دشمن قوتیں، خصوصاً بھارت، اس بحران سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے، اس لیے الیکشن شیڈول واپس لے کر مفاہمت کی راہ ہموار کی جائے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت، بلاول کا گورنر، ڈپٹی سپیکر شپ ن لیگ کو دینے کا اعلان

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قانون ساز اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ عجلت میں کیے گئے غیر دانشمندانہ فیصلوں کی وجہ سے حالات اس نہج تک پہنچے، کیونکہ انتخابات انسانی جانوں سے زیادہ اہم نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالات کو سازگار بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کریں۔ اسی طرح سینیئر وزیر میاں عبدالوحید نے وفد کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ موجودہ حالات میں ریاست کو بچانا سب سے اہم ضرورت ہے اور آزاد کشمیر مزید کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے محبت غیر متزلزل ہے اور بھارت کبھی بھی اس رشتے میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے اوورسیز کشمیریوں اور تمام سیاسی جماعتوں پر اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہدا اور متاثرین سب ہمارے اپنے ہیں، اس لیے ابھی بھی وقت ہے کہ الیکشن مؤخر کر کے تمام فریقین مل بیٹھ کر مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے اس بحران کا قابلِ قبول حل نکالیں۔