قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس شروع؛ مہاجرین کی نشستوں پر گرما گرم بحث متوقع

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اور خصوصی اجلاس اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں دارالحکومت مظفرآباد میں شروع ہو گیا ہے۔ اس اجلاس کو موجودہ سیاسی تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس خصوصی اجلاس کے ایجنڈے میں مہاجرین جموں و کشمیر کی نشستوں کا معاملہ سرفہرست ہے۔ اجلاس کے دوران مہاجرین کی نشستوں کے طریقہ کار، ان کے حقوق اور دیگر متعلقہ آئینی و انتظامی امور کے حوالے سے ایوان میں تفصیلی بحث کی جائے گی، جس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے اہم آئینی مؤقف سامنے آنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری گاڑی کی واپسی، جاوید بٹ کا ردعمل آگیا، بڑا دعویٰ کردیا

قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر اراکینِ ایوان کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اجلاس کے آغاز تک حکومت اور اپوزیشن بنچوں سمیت 14 اراکین اسمبلی ایوان میں موجود تھے جبکہ دیگر اراکین کی آمد بھی متوقع ہے۔ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں دونوں اطراف کے قائدین مہاجرین کے دیرینہ مسائل پر قانون سازی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔