ٹرمپ

ایران کیساتھ بات چیت جاری، انجام کیا ہوگا کوئی نہیں جانتا: ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم ترین بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری اہم مذاکرات کے خاتمے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ان افواہوں کو سخت الفاظ میں غلط اور انتہائی گمراہ کن قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کی تصدیق کی ہے۔

اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری کردہ ایک خصوصی بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ میڈیا پر آنے والی یہ اطلاعات بالکل درست نہیں ہیں کہ ایران اور امریکہ نے چند روز قبل ایک دوسرے سے بات چیت بند کر دی ہے۔ انہوں نے حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین رابطے اور گفتگو کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج بھی دونوں فریقین کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کی دھمکی کام کرگئی، ٹرمپ کا نیتن یاہو سے رابطہ، لبنان پر حملوں سے روک دیا

مستقبل کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کا حتمی انجام کیا ہوگا، اس حوالے سے فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔ تاہم، انہوں نے ایران کو دیے گئے اپنے سخت موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ تہران کو واضح پیغام بھیج دیا گیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی صورت ایک حتمی معاہدہ عمل میں لایا جائے۔

مزید پڑھیں: لبنان پر حملے: ایران نے امریکہ کیساتھ جنگ بندی مذاکرات معطل کردیئے

امریکی صدر نے ایران کی سابقہ پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایران گزشتہ 47 برس سے اسی ایک مخصوص طرز پر اپنے تمام بین الاقوامی معاملات چلا رہا ہے، لیکن اب یہ پرانی صورتحال مزید برقرار نہیں رہ سکتی۔ واضح رہے کہ اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی بدستور قائم ہے، جبکہ برادر اسلامی ملک پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ایک پائیدار معاہدے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مسلسل اپنی مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔