مارکیٹس

اسلام آباد کی تمام مارکیٹس رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی ،نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد میں توانائی کے مؤثر استعمال اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار کو منظم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے نئے اوقات کار سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں مارکیٹس، شاپنگ مالز اور مختلف تجارتی مراکز کے بند ہونے کے اوقات میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور متعلقہ اداروں کو ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کی تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز اور دیگر تجارتی مراکز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے ۔ تاہم عوامی سہولت اور ضروری خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیکل اسٹورز اور ہسپتالوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی حملے، ایران کاجواب،تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ،ایشیائی اسٹاک مارکیٹس گر گئیں

انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز معمول کے مطابق اپنے اوقات کار جاری رکھ سکیں گے اور ان پر نئی پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری سے بچانا ہے ۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ شادی ہالز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے بند کیے جائیں گے۔ اسی طرح کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل فروش دکانیں اور بیکری شاپس کے لیے بھی رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی، جس کے بعد انہیں بند کرنا لازمی ہوگا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹس میں دو دن بعد سونا پھر سستا، فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد توانائی کے استعمال میں کمی، نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور شہری سطح پر کاروباری سرگرمیوں کے لیے یکساں اوقات کار نافذ کرنا ہے ۔