شاہ غلام قادر

نیلم : لوات بالا پہنچنے پر شاہ غلام قادر کا شاندار اورپُرتپاک استقبال

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے زیر اہتمام لوات بالا میں ایک بڑے ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنان، عوام الناس، سیاسی و سماجی شخصیات اور مقامی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

کنونشن کے مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر و صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر تھے جبکہ تقریب کی صدارت ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کی۔لوات بالا پہنچنے پر شاہ غلام قادر کا شاندار اورپُرتپاک استقبال کیا گیا ۔

جمعیت علمائے اسلام اور مسلم لیگ ن کے کارکنان نے نعروں کی گونج میں اپنے قائدین کا خیر مقدم کیا جبکہ مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ اور ان کی ٹیم نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے مہمانوں کو ہار پہنائے ۔

ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہائیڈرل پاور پراجیکٹ لوات کی تعمیر ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کا انتخابی اتحاد قومی سطح پر قائم ہوا ہے جو آنے والے عام انتخابات 2026 میں اہم کردار ادا کرے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جتھہ برداروں کو فیصلوں کا اختیار نہیں ،پیپلزپارٹی الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہے،شاہ غلام قادر

انہوں نے کہا کہ لوات کنڈیاں روڈ کو ری کنڈیشن کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔ شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ روزگار مکمل طور پر میرٹ پر دیا جائے گا اور غریب کا بچہ بھی باعزت روزگار حاصل کرے گا ۔

انہوں نے تعلیمی پیکیج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنڈلشاہی میں تعلیمی پیکیج پر بھنگڑے ڈالے گئے جو سمجھ سے بالاتر ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ پیکیج سابق حکومت میں ممبران اسمبلی کی مرہون منت تھا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی و سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ انشاء اللہ شاہ غلام قادر 2016 کے مقابلے میں دوگنا ووٹ حاصل کرکے آزاد کشمیر کی نمائندگی کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تنویر الیاس کی جانب سے اتحاد کی آفر موجود تھی مگر انہوں نے شاہ غلام قادر کو ترجیح دی کیونکہ عوام کا اعتماد مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے اتحاد پر ہے ۔

مقررین نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، تعمیر و ترقی اور خطے کے حقوق کے تحفظ کیلئے دونوں جماعتیں مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کو منظم انداز میں آگے بڑھائیں اور گھر گھر پارٹی پیغام پہنچائیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیر مظہر سعید شاہ جے یو آئی آزاد کشمیر کے مرکزی امیر منتخب

اس موقع پر حلقہ 25 نیلم ون میں انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا۔ورکر کنونشن کے شرکاء نے مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ یہ اتحاد علاقے میں سیاسی استحکام اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔جلسہ سے مقامی نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔