عیدالاضحیٰ پر کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام: فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد: 26 مئی 2026: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عید الاضحیٰ کے مقدس موقع پر ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن عظیم انبیاء کرام خلیل اللہ و ذبیح اللہ علیہ السلام نے اطاعت، ایثار اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے کہ خوشنودیِ خدا، بڑے مقاصد کی تکمیل اور حکمِ الٰہی کی پیروی کے لیے اپنی محبوب ترین اشیاء حتیٰ کہ اولاد کی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا جائے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے خصوصی عید پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بھارتی ظلم و جبر کے سامنے اپنی تیسری نسل قربان کر چکے ہیں۔ انہوں نے بھارتی جبر و استبداد، بندشوں، کرفیو اور بندوقوں کے سائے میں کلمۂ حق بلند کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کی سیاسی و حکومتی شخصیات نے مختلف شہروں میں عید کی نماز ادا کی

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ نے اپنے طرزِ عمل سے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ قربانی اپنے آپ کو بندگی اور اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت جس طرح حضرت ابراہیمؑ کو ان کی قربانی قبول فرما کر سرخرو کیا، اسی طرح کشمیریوں کو بھی ان کی عظیم قربانیوں کا صلہ عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تاریخ، عقائد اور تشخص کو مٹانے کے لیے ظلم و سفاکیت کا سہارا لے رہا ہے جبکہ کشمیریوں کو نماز کی ادائیگی اور اجتماعات تک کی اجازت نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز نوجوان، خواتین اور بچے عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور کشمیری عوام نے اپنے حق کے لیے جتنی قربانیاں دی ہیں، انسانی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے عالمِ اسلام سے اپیل کی کہ عید کے اجتماعات میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اور تحریکِ آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مقدس دن خونی لکیر کے دوسری جانب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ تمام صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کے لیے وقف رہیں گی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور سےسابق مشیر سردار امجد یوسف کی اہم ملاقات،الیکشن معاملات پر تبادلہ خیال

انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام پر زور دیا کہ عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اردگرد موجود مستحقین کا خصوصی خیال رکھیں۔