اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل)صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین امہ کے مسئلے ہیں اور او آئی سی فلسطین اور کشمیر کے مسئلے حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں اب بھی موثر ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جب بھی مذاکرات ہوں تو یہ مذاکرات سہ فریقی ہونے چاہیے اور اس میں کشمیری عوام کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے۔مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں،او آئی سی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کی مذمت کرتے ہوئے اصولی موقف اپنایا ہے لیکن اب بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں پرظلم و جبر اور اسرائیل کی طرف سے فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام پر مزید موثر انداز میں کشمیر ی اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز اُٹھائی جائے۔
بھارت اور اسرائیل کا باہمی گٹھ جوڑ ہے اور دونوں کے توسیع پسندانہ عزائم ہیں۔ لہذا اُمہ مسئلہ کشمیر اورمسئلہ فلسطین حل کرانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ جبکہ اسلامی ممالک انفرادی طور پر بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی ریشہ دوانیوں اور فلسطین میں اسرائیل کی بربریت کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں ۔۔مسئلہ کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل،تمام سیاسی قیادت کو متحد و متفق ہونا چاہیے ،بیرسٹر سلطان
ہم او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرے اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری ظلم و بربریت بند کرے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں اپنی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترکی، ایران،ترکش سائپرس، آذربائیجان، تاجکستان، سوڈان، بحرین، لیبیا، افغانستان، ازبکستان، کویت، انڈونیشیاء، شام، نائیجریا، کرغستان، بنگلہ دیش،عراق، ملائشیاء، لبنان، صومالیہ، برونائی دارالسلام اور ترکمانستان کے سفیروں اور سفارتکاروں نے شرکت کی
اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلام آباد میں تعینات اسلامی ممالک کے سفیروں کومقبوضہ کشمیر کی05اگست 2019سے لے کر اب تک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور اسلامی ممالک کے سفیروں کو بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ۔اوورسیزکشمیری متحد ہوکر مسئلہ کشمیر کیلئے آوازبلند کریں،صدر آزاد کشمیر
کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں ایک مشکل صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص اُمہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر افطار ڈنر میں شریک اسلامی ممالک کے سفیروں نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر پر اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔