لطیف اکبر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو الیکشن سے متعلق اہم تجویز دے دی

مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل ) سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبرنے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو باقاعدہ ایک پارٹی بنا کر الیکشن میں حصہ لینا چاہیے یہ کوئی پارٹی نہیں بلکہ لوگوں کا مجموعہ تھا جس میں پیپلزپارٹی ، ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے لوگ بھی تھے ،بہتر ہے کہ یہ اپنی پارٹی بنائیں اسے رجسٹر کرائیں تب یہ انتخابی میدان میں اتر سکتے ہیں۔

سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری عوامی ایکشن کمیٹی کو یہ تجویز ہے کہ اپنی پارٹی بنائیں الیکشن کمیشن میں اسے رجسٹر کرائیں پھر انتخابات میں حصہ لیں ۔
انہو ں نے کہا کہ پچھلے چار سال میں سیاسی جماعتوں نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا ۔عوام کو سستا آٹا سستی بجلی مل رہی ہے تو اور کیا چاہیے

،لیکن حیرت ہے کہ لوگ تین روپے یونٹ بجلی کے بل بھی ادا نہیں کررہے ،ان کا کہنا تھا کہ میری اطلاع کے مطابق گزشتہ سال میرپور میں گرمیوں کے دنوں میں 18سے20ہزار ائیر کنڈیشنڈ خریدے گئے ہیں۔مظفر آباد میں 8سے 10 ہزار ائیر کنڈیشن خریدے گئے ہیں حالانکہ ہمارے محکمہ برقیات میں اتنی گنجائش موجود نہیں ہے ،لوگوں نے تندوروں میں بھی بجلی کی تاریں لگائی ہوئی ہیں، ہر روز8 سے10 ٹرانسفارمرز جل رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور آٹا سستا ہونے سے بات نہیں بنے گی دیگر اشیاء بھی سستی ہونی چاہیے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔وزیراعظم انوارالحق کا جانا ٹھہر گیا،عوامی ایکشن کمیٹی کا راستہ روکنے کیلئے سیاسی جماعتوں نے ایکا کرلیا، بڑے کھڑاک کی تیاریاں

سپیکر قانون ساز اسمبلی کا کہنا تھا کہ شاپنگ بیگز پر پابندی کے باوجود لوگ اسکا استعمال کر رہے ہیں اورپھر انہیں گلیوں میں پھینک دیتے ہیں نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ گلیاں بند ہوتی ہیں گندگی پھیلتی ہے ہمیں ان چیزوں کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں باقی جماعتوں کا ذمہ دار نہیں میر ی پارٹی پیپلزپارٹی جب بھی حکومت میں آئی اس نےڈیلیور کیا لوگوں کو ریلیف دیا ،ہم نے میڈیکل کالجز، یونیورسٹیاں ، سڑکیں بنائیں، ہیلتھ پیکج دیا ،سرکاری ملازمین کو دو سوروپیہ الائونس کی مد میں ان کی تنخواہ میں ایڈجسٹ کرایاسڑکیں ہمارے دور میں بنیں ،تعلیم کے حوالے سے ہم نے بہترین کام کیا ۔

مظفر آباد شہر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مظفر آباد سب سے مہنگا شہر ہے ،تاجروں کو بھی سوچنا چاہیے انہیں صرف اپنا مفادمدنظر نہیں رکھنا چاہیے عوام کو ریلیف دینا چاہیے ۔
بلدیاتی اداروں سے متعلق انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بلدیاتی اداروں کو فنڈز نہیں ملتے بلکہ بلدیاتی ادارے اپنے فنڈ خود جنریٹ کرتے ہیں لیکن میں اس بات کے حق میں ہوں کے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دئیے جائیں ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر اور کشمیری عوام کو ترجیح دی اور مشکل میں ساتھ دیا۔

Scroll to Top