انٹری پوائنٹس پرچیکنگ شروع،ناقص اشیاء کی بھاری مقدار ضبط ،گاڑی مالکان کوجرمانے

مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کی ہدایات اور کرپشن سے پاک کشمیر کے تناظر میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی پڑتال کے لیے تمام انٹری پوائنٹس پر چیکنگ مہم کا آغاز کردیا گیا۔

آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سیکرٹری فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کی زیر نگرانی ٹیم فوڈ اتھارٹی راجہ حنیف قیوم AFSO،کبیر احمد. AFSO،عابد  نے کوہالہ چیک پوسٹ پر ناکہ لگا کر مختلف فوڈ ڈیلیوری وہیکلز کی چیکنگ کی۔

دوران پڑتال ناقص، غیر معیاری آئل، گھی، پاپڑ،انڈے،گوشت،فش،اور دیگر اشیاء خوردونوش کی بھاری مقدا ر ضبط کرتے ہوئے گاڑی مالکان کو جرمانے کئے گئے اور موقع پر اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔
فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگ جاری کی گئی،اس موقع پر فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران  نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر کا کہنا تھا کہ عوام الناس فوڈ اتھارٹی کے نمبر1280 پر شکایات درج کر اسکتے ہیں۔
دوسری جانب شہر اقتدار میں مضر صحت دودھ دہی کی فروخت کھلے عام جاری ہے جبکہ ناقص شہد،گلے سڑےفروٹ اور سبزی کی بھی فروخت کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top