نیوزی لینڈ کے نوجوان اوپنر راچن رویندرا نے جنوبی افریقا کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے متعدد ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے جبکہ راچن رویندرا نے 101 گیندوں پر 108 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور کین ولیمسن نے 102 رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز تک محدود رہی یوں نیوزی لینڈ نے میچ 50 رنز سے جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔
اس طرح راچن رویندرا واحد بیٹر بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدائی 5 ون ڈے سنچریاں آئی سی سی ایونٹس میں اسکور کیں ساتھ ہی انہوں نے صرف 13 اننگز میں 5 سنچریاں مکمل کیں جو آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں تیز ترین ہے اس کے علاوہ راچن رویندرا نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی چیمپئنز ٹرافی ایڈیشن میں دو سنچریاں اسکور کیں۔
یہ بھی پڑھیں: میونسپل کارپوریشن کے انسپکٹرز کی مارکیٹوں میں انسپکشن جاری، دکانداروں کو وارننگ
راچن رویندرا کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف نیوزی لینڈ کی فائنل میں رسائی کو یقینی بنایا بلکہ انہیں مستقبل کے بڑے بیٹرز میں شامل کر دیا ہے۔