ہٹیاں بالا (عمر بھٹی راجپوت) ہٹیاں بالا کے نواحی علاقے سراں میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ اور آتشزدگی کا سنگین واقعہ پیش آیا۔
تصادم کے دوران راجہ عابد کے بیٹے شہیب عابد کو نامعلوم شخص کی فائرنگ سے زخمی کر دیا گیا، جسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہٹیاں بالا منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے مزید علاج کیلئے سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کر دیا گیا۔
واقعہ میں زخمی کے رشتہ دار مشتعل ہوگئے اور ردعمل میں راجہ خورشید ولد رحمت اللہ کے مکان کو آگ لگا دی۔ تین کمروں پر مشتمل مکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ مقامی افراد نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جلد ہی ملزمان کی گرفتاری متوقع ہے۔۔۔۔