مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کی عدالت العظمیٰ میں جدید ٹیکنالوجی کی جانب اہم پیش رفت، چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد عدالتی امور کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مزید شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جسٹس رضا علی خان بھی شریک تھے۔ چیف جسٹس نے آئی ٹی شعبے کا معائنہ کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور عدالت میں نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت اور بہتر انصاف فراہم کیا جا سکے۔